اسلامک ٹریڈ فنانسنگ کارپوریشن پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا قرض فراہم کرے گا

لاہور: پاکستانی معیشت کیلئے بڑی خبر آ گئی، اسلامک ٹریڈ فنانسنگ کارپوریشن پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا قرض فراہم کرے گا۔
اعلامیہ کے مطابق واشنگٹن میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن (ITFC) کے وفد سے ملاقات ہوئی، اسلامک ٹریڈ کے سی ای او انجینئر ہانی سالم سنبول بھی ملاقات میں موجود تھے، وزیر خزانہ نے معاہدے کے تحت 3 ارب ڈالر کی کموڈٹی فنانسنگ کو سراہا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ قرض کی رقم آئندہ 3 سال میں فراہم کی جائے گی، پہلے مرحلے میں 27 کروڑ ڈالر پاکستان کو فراہم کئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس سلسلے میں حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خارجہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے اقتصادی اور کاروباری امور ایمی ہولمین سے بھی ملاقات کی۔

واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک،امریکا اقتصادی شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کیا اور امریکی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں وزیر خزانہ نے زراعت، آئی ٹی، توانائی، اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کی نشاندہی کی اور امریکی کمپنیوں کو ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالیاتی امور سے بھی ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متحدہ عرب امارات کے وزیر محمد بن ہادی الحُسینی کو معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ کو کنٹرول کرنے میں متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت پر مشکور ہیں، حکومت پاکستان خاص طور پر اماراتی بینکوں کے کردار کو سراہتی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ زراعت، آئی ٹی اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کو ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔





