مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 3 کشمیری شہید
سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ہے ، بھارتی فوجیوں نے مزید تین کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اکھنور میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیاگیا، اکھنور میں آپریشن کے بعد دوسرے دن بھی سرچ آپریشن جاری ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس سے قبل اسی علاقے میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی پر حملہ ہوا ، بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ میں ایک نوجوان گرفتار کر لیا، نوجوان کو محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیاگیا، بے گناہ کشمیریوں کو گرفتارکرنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کی کارروائیاں ایک معمول ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کا بتانا ہے کہ 5اگست 2019 سے اب تک 25 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا ، ہندوستانی حکومت کی آر ایس ایس پر مبنی پالیسیاں علاقائی ہم آہنگی کیلئے ایک اہم خطرہ ہیں، کئی دہائیوں سے، بھارت تنازع کشمیر کے پرامن حل میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے،جنوبی ایشیا بھارتی محاذ آرائی کی وجہ سے عدم استحکام کا شکارہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر پر بھارت کا وحشیانہ قبضہ جنوبی ایشیا میں امن کی راہ میں رکاوٹ ہے، جنوبی ایشیاء میں امن، عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔





